• صارفین کی تعداد :
  • 816
  • 1/15/2011
  • تاريخ :

آسٹریلیا کا شہر برسبین سیلاب میں ویران ہو رہا ہے

آسٹریلیا

آسٹریلیا کی ریاست کوئنز لینڈ کا دارالحکومت برسبین ایک ویرانے کا منظر پیش کر رہا ہے۔

ابنا: بجلی منقطع ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ سیلاب کے خوف سے شہر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب نکل گئے ہیں۔ برسبین کوئنز لینڈ کا تیسرا بڑا شہر ہے جسے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔ ریاست کے دو شہر ابسوچ اور ٹو وومبا پہلے ہی ڈوب چکے ہیں۔

برسبین کے مغرب میں واقع ابسوچ شہر پوری طرح سیلاب کی لپیٹ آچکا ہے اور وہاں صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیا جارہا ہے۔ کوئنزلینڈ میں سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب بارہ ہوگئی ہے جبکہ درجنوں لاپتہ ہیں۔دریائے برسبین میں پانی کا ریلہ اتنا پرُ زور تھا کہ گھروں کے ملبے کے علاوہ کئی موٹر بوٹس بھی بہتی دیکھی گئی ہیں۔حکام کے مطابق ٹووومبا میں بڑی تعداد میں شہری گاڑیوں اور مکانوں کی چھتوں پر محصور ہیں برسبین شہر کی کئی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ اور یہاں شہریوں کے پاس آمد ورفت کے لئے کشتیوں کے علاوہ کوئی اور ذریعہ نہیں ہے۔ برسبین کے نشیبی علاقوں میں صرف گھروں کی چھتیں اور درختوں کے بالائی حصے ہی نظر آرہے ہیں۔آسٹریلیا کی وزیر اعظم، جولیا گیلارڈ نے برسبین کے دورے میں شہر کے باشندوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ‘کوئینزلینڈ اب تک کئی تاریک دن دیکھ چکا ہے اور ابھی مزید تاریک دن آنے باقی ہیں۔ لیکن پورا آسٹریلیا آپ لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کوئنزلینڈ کو اس بحران سے نکالنے کے لئے مدد دینے کے لئے تیار ہے۔